کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)آل بلوچستان ٹینکرز ایسوسی ایشن کے نائب صدر پائند خان نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے چمن کا علاقہ کوژک احتجاج کی وجہ سے بند ہے جس کی وجہ سے سینکڑوں گاڑیاں وہاں پھنس چکی ہیں ، حکومت چمن پرلت کے رہنمائوں سے مذاکرات کرکے مسئلے کا حل نکالے تاکہ عوام کو مشکلات سے نجات مل سکے ، یہ بات انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر حاجی نور خان ، ملا سلام اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے کئی ٹرک کوژک بند ہونے کی وجہ سے پھنسے ہوئے ہیں باالخصوص کسی مریض کو کوئٹہ لانے میں مشکلات کا سامنا ہے حکومت مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل نکالے تاکہ چمن کے عوام میں پائی جانے والے بے چینی کا خاتمہ ہو۔