بالی ووڈ کے معروف آنجہانی اداکار سُشانت سنگھ راجپوت کی موت کے تقریباً 4 برس کے بعد ان کی بہن پریانکا سنگھ نے اپنے بھائی کی موت سے متعلق نیا انکشاف کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سُشانت سنگھ راجپوت کی بہن پریانکا سنگھ حال ہی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ آنجہانی اداکار سابقہ مینیجر دیشا سالیان کی موت کے بعد اپنی موت کے ڈر سے خوف زدہ تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ آنجہانی اداکار نے اپنے خلاف میڈیا میں گردش کرنے والی منفی خبروں اور موصول ہونے والی دھمکیوں پر کبھی توجہ نہیں دی لیکن دیشا سالیان کی موت کی خبر نے انہیں پریشان کردیا تھا، انہیں اپنی موت کا خطرہ لاحق تھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ سابقہ مینیجر کی موت کے بعد سُشانت سنگھ راجپوت نے خوف سے کانپتے ہوئے انہیں بتایا کہ ’وہ لوگ مجھے بھی نہیں چھوڑیں گے‘۔
پریانکا سنگھ نے یہ بھی کہا کہ تمام گھر والے سُشانت سنگھ راجپوت کی حالت دیکھ کر حیران تھے کیونکہ وہ اکثر بڑبڑانے لگے تھے۔
یاد رہے کہ سُشانت سنگھ راجپوت 14 جون 2020 کو اپنی رہائش گاہ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔
بعد ازاں 2022 میں ممبئی کے نجی اسپتال کے سابق ملازم روپ کمار شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ سشانت سنگھ راجپوت کی موت خودکشی نہیں تھی بلکہ جب ان کی باڈی پوسٹ مارٹم کے لیے آئی تو ان کی ٹانگ ٹوٹی ہوئی تھی اور اس پر سُوئیوں کے نشانات تھے۔
ممبئی کے نجی اسپتال کے سابق ملازم کے مطابق پوسٹ مارٹم کے دوران ان کے جسم کے مختلف حصوں پر فریکچر کے نشانات تھے اور ان کی گردن پر بھی مختلف نشانات تھے جس میں بیرونی دباؤ کی وجہ سے فریکچر کے نشانات بھی شامل ہیں۔
روپ کمار شاہ نے اپنے 28 سالہ تجربے کی روشنی میں دعویٰ کیا کہ آنجہانی اداکار کی گردن کے نشانات گلا گھونٹنے اور پھانسی دینے کے نشانات سے مختلف تھے۔