ہیڈنگلے لیڈز (نیوز ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہیڈنگلے لیڈز میں پریکٹس سیشن ہوا۔ سیشن 3گھنٹے جاری رہا۔تمام کھلاڑیوں نے کوچز کی نگرانی میں بیٹنگ بولنگ اور فیلڈنگ کے شعبے میں کمزوریوں کو دور کرنے کی کوشش کی۔ آج پاکستان ٹیم آرام کریگی اس روز پریکٹس سیشن نہیں ہوگا پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل 22مئی کو ہیڈنگلے لیڈز میں کھیلا جائے گا۔ علاوہ ازیںپاکستان کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ نے انگلینڈ کے خلاف ٹی 20سیریز میں مکمل اسٹرینتھ اور ورلڈ کپ کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ٹی20میچوں پر مشتمل سیریز 22سے 30مئی کے درمیان کھیلی جائے گی اور اس سیریز کے باعث دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ وارم اپ میچز نہیں کھیل سکیں گی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے مکمل اسٹرینتھ اور ورلڈ کپ کمبی نیشن کیساتھ میدان میں اترنےکا فیصلہ کیا ہے تاہم حتمی فیصلہ ہیڈ کوچ وائٹ بال ٹیم گیری کرسٹن کے ساتھ مشاورت سے ہو گا۔ حال ہی میں پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر ہونے والے گیری کرسٹن آج انگلینڈ میں قومی اسکواڈ کو جوائن کریں گے ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی 20میں حارث رؤف اور عثمان خان کو کھلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حارث رؤف اور عثمان خان کو آئرلینڈ کے خلاف تین ٹی 20میچوں کی سیریز میں موقع نہیں ملا تھا۔