جدہ (شاہدنعیم) ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سربراہی میں سعودی کابینہ کا اجلاس منگل کو ہوا ، کابینہ نے وزیر توانائی کو پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کرنے کی ذمہ داری تفویض کی ہے۔ کابینہ نے دہشت گردی کے انسداد کے لئے سعودی پبلک پراسیکیوشن اور پاکستانی انٹیلی جنس کے ساتھ تعاون کے معاہدے کی منظوری دی ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اجلاس کے آغاز میں کابینہ ارکان کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی صحت کے متعلق آگاہ کیا ہے۔ ولی عہد نے شاہ سلمان کی صحت کے متعلق دریافت کرنے والے ہر شخص کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ دعا ہے کہ اللہ تعالی شاہ سلمان کو جلد صحت یابی سے نوازے۔