برطانوی وزیراعظم نے 4 جولائی کو ملک میں الیکشن کروانے کا اعلان کردیا۔
ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر خطاب کرتے ہوئے برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے کہا کہ آج کنگ چارلس سے ملاقات کی ہے، کنگ چارلس کو قبل از وقت انتخابات کے فیصلےسے آگاہ کیا، کنگ چارلس نے پارلیمنٹ تحلیل کرنےکی درخواست منظور کرلی۔
برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے کہا کہ برطانیہ کی معیشت میں بہتری آرہی ہے، برطانیہ کیلئے یہ فیصلہ کن لمحہ ہے، میں معاشی استحکام بحال کرنے کیلئے حکومت میں آیا تھا، معاشی استحکام کیلئے ہم نے دو سنگ میل پار کر لیے ہیں، جوکچھ حاصل کرچکے اس پر مجھے فخر ہے۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیراعظم رشی سونک کل سے ملک گیر انتخابی مہم شروع کریں گے۔
رائے عامہ کے سروے میں کہا گیا کہ برطانیہ میں اپوزیشن لیبر پارٹی کو حکمران کنزرویٹیو پارٹی پر 20 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔
اس سے قبل برطانوی میڈیا نے بھی ملک میں عام انتخابات 4 جولائی کو کروانے کا دعویٰ کیا تھا۔
میڈیا رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ڈاؤننگ اسٹریٹ میں کابینہ کا اجلاس جاری ہے، ڈپٹی وزیراعظم اولیور ڈاؤڈن موسم گرما میں انتخابات کروانے کےخواں ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ مہنگائی میں کمی اور آئی ایم ایف کی برطانوی معیشت میں مثبت پیشگوئی کے بعد رشی سونک انتخابات کا اعلان کرسکتے ہیں۔