کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتون گرینڈ جرگہ کے چیئرمین سردار محمود خان اچکزئی ، حاجی رحمت اللہ پہلوان و دیگر نے کہا ہے کہ ایک سازش کے تحت چمن پرلت کو ناکام بنانے کیلئے کوژک کے مقام پر کچھ لوگوں نے راستہ بند کرکے لوگوں کو مشکلات میں مبتلا کردیا ہے ، چمن پرلت پرامن طور پر وفاقی اور صوبائی حکومت سے چمن کے لوگوں کیلئے باعزت روزگار کا مطالبہ کررہا ہے ۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کہی ، انہوں نے کہا کہ چمن عوامی اتحاد دھرنا کوسازش کے تحت خانہ جنگی کی جانب دھکیلنے کی کوشش کی جارہی ہے ، حالیہ دو ہفتوں سے بین الاقوامی شاہراہ کی بندش سازش ہے اس سے چمن کے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ، آٹھ ماہ سے چمن میں کرفیو کا سماں ہے ، تجارت اور ٹرانسپورٹ پر مکمل پابندی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر نے کوئٹہ چمن شاہراہ کو بند کردیا ہے جو چمن کے عوام سے کھلی دشمنی ہے ۔اس کےچمن کے عوام پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں ساتھ ہی چمن کے عوام مسافر ،مریضوں خواتین بچے اور بزرگ شدید مشکلات کا شکار ہیں ۔ کوژک کے مقام پر چند لوگوں نے روڈ بند کر کے مسافروں کو پریشان کر دیا ہے تاکہ وہ کسی طرح پرلت کو ناکام بنا سکیں ۔