• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خانہ کعبہ کا دروازہ نصب کرنیوالے پاکستانی عاشق حسین انتقال کرگئے

جدہ / ٹوکیو (شاہدنعیم / عرفان صدیقی ) خانہ کعبہ کا دروازہ، حجر اسود کا خول اور خانہ کعبہ کا پرنالہ ڈیزائن اور تنصیب کرنیوالے عاشق حسین کا انتقال ہوگیا ، انہیں جدہ میں سپرد خاک کردیا گیا ، ان کے انتقال پر ان کے دیرینہ دوست چوہدری شفقت محمود سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ محمد عاشق جدہ میں ایک ہفتے قبل ان کے دل کا بائی پاس آپریشن کیا گیا تھا جس کے بعد سے وہ کومہ میں چلے گئے تھے اور ایک ہفتہ بعد بروز جمعرات انکا انتقال ہوگیا۔عاشق حسین کی وفات پر دنیا بھر میں ان کے چاہنے والوں نے اظہار تعزیت کیا ہے، جبکہ انکی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے قریبی دوست چوہدری شفقت نے کہا کہ وہ آج ایک عظیم دوست اور سچے عاشق رسولﷺ سے محروم ہو گئے ہیں۔ چوہدری اکرم نے کہا کہ محمد عاشق ایک عظیم انسان تھے وہ ایک سچے عاشق رسولﷺ تھے اور جو سعادت اللّٰہ تعالیٰ نے انہیں بخشی وہ کم ہی انسانوں کے نصیب میں آتی ہے۔ جدہ میں پاکستانی قونصل جنرل خالد مجید نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد عاشق سعودی عرب میں پاکستان کا اثاثہ تھے ۔ سینئر صحافی اور ایک دن جیو کے ساتھ کے میزبان سہیل وڑائچ نے محمد عاشق کی وفات پر افسوس کا اظہارکیا ، واضح رہے گزشتہ دنوں محمد عاشق کے حوالے سے روزنامہ جنگ میں خانہ کعبہ کا دروازہ ڈیزائن اور تنصیب کی سعادت کے حوالے سے شائع ہونے والی خبر اور کالم کے سبب پوری دنیا میں محمد عاشق کی شہرت پھیل چکی تھی ، دنیا بھر میں اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے حکومت پاکستان سے درخواست کی ہے کہ محمد عاشق کی خانہ کعبہ کے حوالے سے خدمات پر انھیں بعد از موت پاکستان کے بڑے سول ایوارڈ سے نوازا جائے ۔
اہم خبریں سے مزید