بھارتی گلوکار اور ریپر ادتیا پراتیک سنگھ سیسوڈیا عرف بادشاہ نے ہردیش سنگھ بالمعروف ہنی سنگھ کے ساتھ طویل جھگڑا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
گلوکار و ریپر بادشاہ نے ایک کنسرٹ کے دوران ہم عصر گلوکار ہنی سنگھ کے ساتھ اپنے طویل عرصے سے چلنے والے جھگڑے کو سرعام ختم کر دیا۔
38 سالہ ریپر نے جمعہ کو دہرادون میں گرافیسٹ 2024 میں اپنی پرفارمنس کے دوران ایک وقفہ لیا اور کہا کہ وہ آگے بڑھنے کے لیے تیار ہیں۔
بادشاہ نے کہا کہ میری زندگی میں ایک ایسا مرحلہ آیا جب ایک غلط فہمی کی وجہ سے ایک بندے (ہنی سنگھ ) کے خلاف میں نے رنجش رکھی جسے میں اب چھوڑنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس غلط فہمی پر میں خوش نہیں تھا، مگر اب مجھے یقین ہوا ہے کہ جب ہم ساتھ تھے تو اس وقت جوڑنے والے بہت کم تھے اور توڑنے والے بہت۔ مگر آج میں سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں اس دور کو ختم کرنا چاہتا ہوں اور میری نیک تمنائیں ہنی سنگھ کے ساتھ ہیں۔
دوسری جانب ہنی سنگھ نے بادشاہ کی جانب سے اپنے لیے کہے گئے الفاظ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
خیال رہے کہ بادشاہ اور ہنی سنگھ کو بھارت کے ٹاپ ریپرز میں شمار کیا جاتا ہے اور ان کے مداحوں کی بڑی تعداد ہے۔ دونوں فنکاروں نے سال 2006 میں ریپ بینڈ مافیا مندیر کے ایک حصے کے طور پر ایک ساتھ آغاز کیا، جس میں اکا، لِل گولو، اور رفتار بھی شامل تھے۔
بینڈ نے 'کھول بوتل'، 'بیگانی نار بری' اور 'دہلی کے دیوانے' جیسے کئی ہٹ ٹریکس پیش کیے، جس کے بعد دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا، اور انہوں نے اپنی راہیں جدا کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف پوسٹس شیئر کرنا شروع کردی تھیں۔