• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کولمبیا کا فلسطین سے مستحکم تعلقات کیلئے اقدامات کا اعلان

بگوٹا(نیوزڈیسک)کولمبیا کے فلسطین کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کیلئے سفارتی اقدامات کے طور پر کولمبین صدر نے کولمبیا کا سفارت خانہ فلسطینی شہر رام اللہ میں کھولنے کا حکم دے دیا۔عرب میڈیا کے مطابق کولمبین صدر نے گزشتہ سال فلسطینی سفیر رؤف المالکی کو اپنے ارادے سے آگاہ کیا تھا۔عرب میڈیا کے مطابق کولمبیا نے رواں ماہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کیا تھا، کولمبین صدر نے غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کو نسل کشی قرار دیا تھا۔دوسری جانب گزشتہ روزیورپ کے 3 ممالک ناروے، آئرلینڈ اور اسپین نے فلسطین کو باضابطہ طور پر ریاست تسلیم کرلیا جس کا اطلاق 28 مئی سے ہوگا جب کہ اسرائیل نے سخت ناراضی کااظہار کرتے ہوئے ان ممالک سے اپنے سفیروں کو واپس بلالیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ناروے کے وزیراعظم جوناس گہر اسٹور نے کہا کہ اگر فلسطین کو ایک ریاست کے طور پر تسلیم نہ کیا گیا تو مشرق وسطی میں قیام امن کا تصور نہیں کیا جاسکتا۔ انہوںنے پریس کانفرنس میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کو ایک آزاد ریاست کا بنیادی حق حاصل ہے۔ناروے کی طرف سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا فیصلہ 1993ء میں اوسلو کے پہلے معاہدے کے 30 سال بعد ہوا ہے۔اسی طرح آئرلینڈ کے وزیر اعظم سائمن ہیرس نے کہا کہ اسپین اور ناروے کے ساتھ مل کر فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، آج آئرلینڈ اور فلسطین کے لیے ایک تاریخی اور اہم دن ہے۔ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے بھی اعلان کیا کہ وزرا کونسل منگل 28 مئی کو ایک آزاد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی منظوری دے دے گی۔ان کا کہنا تھاکہ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو اپنی تکلیف دہ اور تباہ کن پالیسی کے ساتھ مسئلہ فلسطین کے 2ریاستی حل کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔اسرائیلی وزیر خارجہ کاٹز نے خبردار کیا کہ آئرلینڈ اور ناروے کو سخت پیغام بھیج رہا ہوں، اسرائیل اس پر خاموش نہیں رہے گا۔
یورپ سے سے مزید