برلن (نیوز ڈیسک) جرمن نائب چانسلر اور وزیر اقتصادیات رابرٹ ہابیک نے کہا ہے کہ عالمی ماحولیاتی اہداف کے حصول کے لیے چینی تعاون ناگزیر ہے۔ ہابیک نے، جو جرمنی کے تحفظ ماحول کے وزیر بھی ہیں، یہ بات اپنے دورہ چین کے دوران کہی۔جرمنی کے نائب چانسلر نے جنوبی چین کے شہر ہانگ ژُو کے ایک دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چینی مدد کے بغیر تحفظ ماحول کے عالمی اہداف کا حصول ممکن نہیں ہو گا۔ہابیک نے صحافیوں کو بتایا، ʼʼاس وقت کئی دوسرے معاملات اور موضوعات بظاہر اس اشد ضرورت پر حاوی محسوس ہوتے ہیں کہ عالمی درجہ حرارت میں کمی کے لیے فوری اقدامات کیے جانا چا ہئیں۔ اس وقت لیکن ایک کلیدی چیلنج یہ بھی ہے کہ اس حوالے سے چین کو ساتھ لے کر چلنا اور بیجنگ کے ساتھ تعاون بڑھانا بھی ناگزیر ہے۔‘‘