شیخ مجیب اور یحییٰ خان سے متعلق ویڈیو بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اکاؤنٹ پر کس نے اپ لوڈ کی؟ تحریک انصاف مشکل میں آگئی، وضاحتیں دینے کی نوبت آگئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور علی محمد خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو تو اس بارے میں کچھ نہیں پتا۔
ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن کا کہنا ہے کہ انہیں بھی کچھ نہیں پتا، اکاؤنٹ تو امریکا سے چلتا ہے۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ تفتیش کریں گے کہ بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ پر شیخ مجیب الرحمان والی وڈیو کس نے اپ لوڈ کی۔
رؤف حسن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے جن ایم این ایز اور ایم پی ایز نے شیخ مجیب الرحمان والی ویڈیو ری ٹوئٹ کی، انہوں نے یہ کام اپنی ذاتی حیثیت میں کیا۔
ویڈیو کی انکوائری کرانے کے اعلان کے بعد رؤف حسن اسے دیکھنے سے بھی انکاری ہوگئے اور کہا کہ انہوں نے تو ابھی تک یہ وڈیو خود بھی نہیں دیکھی۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زین قریشی نے نیا پنڈورا بکس کھول دیا، اور صاف صاف کہہ دیا کہ جو کچھ اپ لوڈ ہوتا ہے، بانی پی ٹی آئی کی مرضی سے ہوتا ہے۔
دوسری جانب اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی نے ایف آئی اے کی ٹیم سے ملنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی سوال کا جواب وکلاء کی موجودگی میں دیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے اجلاس آج طلب کرلیا، جس میں متنازع ٹوئٹ پر مشاورت کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا ہے۔