کوپن ہیگن (نیوزڈیسک) ڈنمارک میں ادبی و ثقافتی تنظیم ’’بیلی‘‘ کے زیر اہتمام اردو اور پنجابی کے نامور شاعر ظفر اعوان کی پنجابی مزاحمتی شاعری کی کتاب ’’للکر‘‘ کی تقریب رونمائی اور محفل مشاعرہ کا انعقاد ہوا ۔تقریب کی صدارت عدیل احمد آسی نے کی اور نظامت کے فرائض رمضان رفیق نے ادا کئے۔ برونڈبی کمیون کے ڈپٹی میئر اعجاز شاہ بخاری نے تلاوت قرآن پاک سے تقریب کا آغاز کیا ۔ قنبر کیانی نے ظفر اعوان کی لکھی ہوئی نعت رسول مقبول پیش کی۔ بیلی کے صدر عدیل احمد آسی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ظفر اعوان کی شاعری پر بھرپور بات کی اور کتاب سے منتخب اشعار سنائے۔ ڈنمارک سے نامور شاعرہ صدف مرزا، امریکہ سے آئے ہوئےتقریب کے مہمان خصوصی اکرام بسرا اور جرمنی سے آئے ہوئے مہمان اعزاز چوہدری طارق پھانبڑانے ظفر اعوان کی مزاحمتی شاعری پر خوبصورت مضامین پیش کئے اور آج کے دور میں مزاحمتی شاعری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی سیاسی، سماجی اور علمی شخصیات نے بڑی تعداد شرکت کی اور ظفر اعوان کی مزاحمتی شاعری کو سراہنے کے ساتھ انہیں پھول اور تحائف بھی پیش کئے۔ پروگرام کے دوسرے حصے میں انٹر نیشنل محفلِ مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا جس میں قنبر کیانی، اظہر قادری، نصر ملک، طاہر عدیل، صدف مرزا، عدیل آسی، ظفر اعوان، کامران اقبال اعظم، ابوطالب ، فواد کرامت، اقبال اختر اور دیگر شعراء کرام نے نے اپنا کلام سنا کر حاضرین محفل سے خوب داد سمیٹی۔