اسلام آباد (فاروق اقدس) پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ امریکی حکومت پاکستان سے تعلقات مضبوط کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ہونے والے جانی نقصان پر امریکہ کو تاسف اور تشویش ہے۔ امریکہ پاکستان کے ساتھ سکیورٹی کے معاملات پر تعاون جاری رکھے گا۔ یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ کی جانب سے ہونے والی تقریب کے اختتام پر جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ قبل ازیں انگلش ایکسیس سکالرشپ پروگرام کے 20 سال مکمل ہونے پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا یہ پروگرام پاکستان اور امریکہ کے درمیان طویل المدتی تعلقات اور تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔ امریکی سفیر نے بتایا کہ پروگرام سے مستفید پاکستانی مختلف شعبوں میں ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔