برسلز ( حافظ اُنیب راشد ) یورپین یونین نے پاکستان سمیت سلامتی کونسل کے نئے منتخب ہونے والے تمام ارکان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے ساتھ دنیا کی امن و سلامتی کیلئے ملکر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ یورپین یونین کی جانب سے یہ پیغام یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر دیا۔ اپنے پیغام میں جوزپ بوریل نے کہا کہ ʼ ڈنمارک، یونان، پاکستان، پاناما اور صومالیہ کو 2025-2026 کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اراکین منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ہم عالمی امن و سلامتی کو فروغ دینے، اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کو برقرار رکھنے، پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے آپ کے ساتھ قریبی تعاون کے منتظر ہیں ʼ ۔