کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر سکندر بخت نے کہا ہے کہ بیٹنگ تو اپنی جگہ ہماری باؤلنگ سونے پر سہاگہ تھی،کرکٹر احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ بابراعظم کی کپتانی میں پاکستان نے کون سا ایونٹ جیتا ہے، بابر اعظم کی بیٹنگ دیکھ کر ایسا لگ رہا تھا کہ شعیب اختر کے سامنے کھیل رہا ہے، کرکٹر عمران نذیر نے کہا کہ امریکا کے ہاتھوں پاکستان کی شکست اپ سیٹ نہیں ہے، امریکی ٹیم نے بہت متوازن کرکٹ کھیلی، ایک وقت میں سترہویں اوور میں ہی میچ ختم ہوتا نظر آرہا تھا،شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ایک دن کے وقفے سے نیب کے حوالے سے متضاد بیانات دیئے ہیں، نیب کی جو بات اپنے حق میں جارہی تھی اس کا غلط اعداد و شمار بتا کر کریڈٹ لے لیا، نیب کی جو بات ان کیخلاف جارہی تھی اس کی وجہ سے نیب سے فاصلہ اختیار کرلیا،تحقیقاتی صحافی دی نیوز عمر چیمہ نے کہا کہ پوری دنیا میں حکومتیں مخالف آوازوں کو دبانے کیلئے جعلی خبروں کا جواز بنا کر سنسرشپ نافذ کرتی ہیں، حکومت کے ساتھ فیس بک انتظامیہ تعاون کرتی تھی لیکن ٹوئٹر (ایکس) والے ان کی بات کا جواب ہی نہیں دیتے تھے، حکومت نے اب ایک ہفتے پہلے ایک ایسا اکاؤنٹ بلاک کروانے میں کامیاب ہوگئی ہے جس بلاک کرنے کیلئے ماضی میں کافی کوششیں کی گئیں۔سابق کرکٹر سکندر بخت نے کہا کہ امریکا کے ہاتھوں پاکستان کی شکست کا ابھی تک یقین نہیں آرہا ہے، امریکی ٹیم میں شامل کھلاڑی پروفیشنلز نہیں بلکہ امیچر کھلاڑی ہیں، شروع میں گیند تھوڑی ہل رہی تھی لیکن کیا بابر اعظم، رضوان اور فخر زمان تھوڑی دیر سنبھل کر نہیں کھیل سکتے تھے، بیٹنگ تو اپنی جگہ ہماری باؤلنگ سونے پر سہاگہ تھی، محمد عامر نے ڈیڑھ اوور میں پانچ وائٹ بالز کردیں۔سکندر بخت کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں امریکا کے ہاتھوں پاکستان کی شکست بہت بڑا اپ سیٹ ہے، پاکستان کی فرسٹ کلاس کرکٹ تب ختم ہوئی جب نیا پاکستان بنا، سابق کپتان نے اقتدار میں آکر کرکٹ کا نظام الٹا کردیا، کراچی جیسے بڑے شہر میں کلب کرکٹ، کالج اور یونیورسٹیز کی کرکٹ ختم ہوگئی ہے۔