• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پنجاب کی خواتین نے سافٹ بال میلہ لوٹ لیا

کراچی میں پچھلے ہفتے کھیلی جانے والی پہلی پی این ایس سی بین الصوبائی ویمنز سافٹ بال چیمپئن شپ پنجاب نےجیت لی۔ کے پی ٹی اسپورٹس کمپلیکس گراؤنڈ پر فائنل میں بلوچستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

فائنل اور اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیربرائے بحری امور قیصراحمد شیخ تھے جنہوں نے سافٹ بال فیڈریشن پاکستان کے صدر آصف عظیم، چیئر مین کے پی ٹی سید سیدین رضا زیدی کے ہمراہ فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے کھلاڑیوں میں ٹرافی اور میڈلز تقسیم کئے۔

اس موقع پر چیئر پرسن پاکستان فیڈریشن سافٹ بال یاسمین حیدر، چیف فنانس آفیسر پی این ایس سی سید جرار حیدر کاظمی، نائب صدر تہمینہ آصف، کومبیکس اسپورٹس کے جی ایم زبیرماچا۔ ڈائرکٹر مارکیٹنگ پام اولیو فاطمہ صدیقی، اسسٹنٹ منیجر ایڈمن پی این ایس سی عائشہ لینا،منیجر اسپورٹس کے پی ٹی میجر(ر) محمود ریاض، سید وسیم ہاشمی اور دیگر بھی موجود تھے۔ 

مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمدشیخ کا کہنا تھا کہ میں سافٹ بال کے کھیل سے بہت متاثر ہوا ہوں پاکستان بھر سے آئی ہوئی کھلاڑیوں نے ایونٹ میں عمدہ کھیل پیش کیا،سافٹ بال کے انٹر نیشنل ایونٹس میں شرکت کے لئے سافٹ بال فیڈریشن پاکستان سے مستقبل میں تعاون جاری رکھیں گے۔ سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان کے صدر آصف عظیم نے کہا کہ اسپانسر شپ کے بغیر کوئی بھی کھیل فروغ نہیں پا سکتا۔

رنگا رنگ اور پروقار افتتاحی تقریب میں جاپان کے قونصل جنرل ہتوری ماسارو نے گیند کو ہٹ لگا کر چیمپئن شپ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ملائشیا کے قونصل جنرل حزمان احمد،چیف فنانس آفیسر پی این ایس سی سید جرار حیدر کاظمی، سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان کے صدر آصف عظیم، سینئر نائب صدر ڈاکٹر فرحان عیسی، سید وسیم ہاشمی، بھی موجود تھے۔ ( نصر اقبال)

اسپورٹس سے مزید
کھیل سے مزید