• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیدرآباد میں موسلا دھار بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا، موسم خوشگوار

حیدرآباد (بیورو رپورٹ) حیدرآباد میں تیز آندھی اور طوفان کے ساتھ موسلا دھار بارش‘ ایک ماہ سے زائد عرصہ جاری رہنے والی گرمی کا زور بھی ٹوٹنے سے موسم خوشگوار ہوگیا دوسری جانب تیز آندھی اور طوفان کے باعث حیسکو ریجن میں مختلف مقامات پر درخت اور ٹاور گرنے کے باعث بجلی کی فراہمی گھنٹوں معطل رہی۔سندھ میں مون سون کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ اس ضمن میں گزشتہ روز دوپہر کے بعد ضلع حیدرآباد میں تیز آندھی اور طوفان کے ساتھ بادل برس پڑے‘ اس دوران بارش کی ایک بوند سے قبل ہی حیسکو کی جانب سے بجلی کی فراہمی بند کردی گئی‘ ایک گھنٹے زائد ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد ایک ماہ سے زائد جاری رہنے والی شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم بھی خوشگوار ہوگیا‘ بارش کے باعث ضلع انتظامیہ‘ واسا اور بلدیاتی اداروں کی نااہلی کی وجہ سے شہر کے بیشتر علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں جبکہ برساتی اور سیوریج کے نالوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے بھی بارش کے پانی کی نکاسی میں مشکلات دکھائی دیں‘ بارش کی وجہ سے لطیف آباد نمبر 2‘ گدو چوک‘ آٹو بھان روڈ‘ قاسم آباد کے علاقے پکوڑا چوک‘ علمدار چوک‘ سحرش نگر سمیت درجن سے زائد علاقوں کی سڑکوں اور رہائشی ایریاز میں گٹر اور نالیاں چوک ہونے سے پانی کی نکاسی نہ ہوسکی جبکہ گٹر اور مین ہولز بند ہونے سے بھی بدبودار سیوریج کا پانی بارش کے پانی سے مل کر سڑکوں پر بہتا رہا جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار ہونا پڑا ۔
اہم خبریں سے مزید