آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں پاکستانی فلمی موسیقی سے سجا شاندار پروگرام Eternal Duets پیش کیا گیا۔
پروگرام میں چیف سیکریٹری سندھ، سابق گورنر جنرل معین الدین حیدر اور پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو نے خصوصی شرکت کی۔
منفرد اور شاندار پروگرام میں پاکستانی فلموں کے 1948 سے 1980 تک سدا بہار دوگانے آج کی نئی نسل کے گلوکاروں نے اپنی آواز میں پیش کیے، جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا۔
گلوکارہ شبانہ کوثر، شازیہ کوثر، سارہ حسن، ماریہ سعود اور احد نے عمدہ گائیکی پر خُوب داد سمیٹی۔
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے چیف سیکریٹری سندھ کو گلدستہ پیش کیا اور خُوب صورت پروگرام آرگنائز کرنے پر شکیل جعفری کی تعریف کی۔
گلوکارہ شبانہ کوثر نے جب آئینہ فلم کا سدا بہار گیت’وعدہ کرو ساجناں‘ اپنی آواز میں پیش کیا تو پنڈال تالیوں سے گُونج اٹھا۔
پروگرام کے آخر میں تمام گائیکوں نے ایک ساتھ مل کر فلم ’جاسوس‘ کا مقبول گانا ’ساتھی مجھے مل گیا‘ پیش کیا، جسے سب نے پسند کیا۔
فلمی موسیقی کے اس پروگرام کو شکیل جعفری نے نہایت سلیقے سے ترتیب دیا اور ان کی معاونت عمران مانی نے کی۔