بھارتی پنجاب فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل سونم باجوہ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی خوبصورتی کی وجہ سے ایک مداح کی شادی ٹوٹ گئی۔
سونم باجوہ نے حال ہی میں اپنی فلم’کڑی ہریانے ول دی‘ کی پروموشن کے دوران ایک مداح سے ہونے والی ملاقات کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے کہا کہ میری خوبصورتی کی وجہ سے بہت ساری تعریفیں سننےکو ملتی ہیں جو کئی مرتبہ بہت عجیب بھی لگتی ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ ایک تقریب کے دوران میری ایک خاتون مداح میرے پاس آئیں اور مجھ سے کہا کہ’سونم آپ کی وجہ سے میری منگنی ٹوٹی ہے کیونکہ میرا منگیتر آپ کو بے حد پسند کرتا تھا اور اس وجہ سے ہماری ہمیشہ لڑائی ہوتی رہتی تھی‘۔
اُنہوں نے کہا کہ مداح کی یہ بات سن کر میں ہکا بکا رہ گئی کہ اسے کیا جواب دوں لیکن پھر مداح نے خود ہی مجھ سے یہ کہہ دیا کہ آپ پریشان نہ ہوں جو ہوا بہت اچھا ہوا کیونکہ وہ شخص میرے لیے بہتر نہیں تھا۔
سونم باجوہ نے کہا کہ مداح کی یہ بات سن کر مجھے تھوڑی تسلی ہوئی۔