پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ کبریٰ خان کا کہنا ہے کہ میرے والدین لندن میں رہتے ہیں لیکن میں روزگار کی خاطر پاکستان آئی ہوں۔
کبریٰ خان نے نمائندہ جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 2014ء میں ہدایت کار نبیل قریشی کی فلم ’نامعلوم افراد‘میں’حِنا‘ کے کردار سے مقبولیت ملی جس کے بعد بالی ووڈ فلم ’ویلکم ٹو کراچی‘میں بھی کام کیا اور 2018ء میں میری دو فلمیں ریلیز ہوئیں جن میں’پرواز ہے جنوں‘ اور ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ شامل ہیں۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ ٹیلیویژن پر جیو ٹی وی کے سپرہٹ ڈرامے’خدا اور محبت ‘ میں ’سارہ‘ کا کردار میری شناخت بنا اور جیو کے ایک اور ڈرامے ’جنت سے آگے‘ میں بھی میرے کارکردگی کو سراہا گیا۔
اُنہوں نے کہا کہ اگر ہمیں پاکستانی سینما ہاؤسز کو پُر رونق بنانا ہے تو فلم بینوں کو گھروں سے نکلنا ہو گا اگر ہم اپنے ملک کی فلموں کو پسند نہیں کریں گے تو پھر شکوہ شکایت بھی نہیں کرنا چاہیے۔
کبریٰ خان نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ اچھی فلمیں کم بن رہی ہیں لیکن پھر بھی اپنی فلموں کو موقع دینا چاہیے تاکہ سنیما گھر پھر سے آباد ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ ہماری زندگیوں میں پہلے ہی بہت اُداسی ہے اس لیے ہمیں خوشیوں بھری فلمیں بنانا ہوں گی، دلچسپ موضوعات پر مبنی فلمیں پسند کی جاتی ہیں اس لیے سنجیدہ موضوع کو بھی ہلکے پُھلکے انداز میں پیش کیا جا سکتا ہے مختصراََ یہ کہ ایسی فلمیں ہوں جنہیں دیکھ کر کبھی ہنسی آئے اور کبھی ہماری آنکھیں نم ہوجائیں اور کبھی رقص کرنے کو دل چاہے۔
اداکارہ نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اس طرح کی فلمیں جلد بننا شروع ہو جائیں گی۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مجھ سے مزاحیہ کردار بالکل نہیں ہوتے جبکہ میں عام زندگی میں بہت ہنس مُکھ اور مزاحیہ ہوں اس لیے مجھے لگتا ہے کہ میری کامیڈی ٹائمنگ تھوڑی آف ہے۔
کبریٰ خان نے کہا کہ میں فلموں میں رومانوی کردار ادا کرنا چاہتی ہوں اور برسوں سے اپنے ڈائریکٹرز سے کہہ رہی ہُوں کہ مجھ سے کوئی رومانوی کردار کروا لیں لیکن کوئی میری سنتا ہی نہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ میری نئی فلم ’ابھی‘ عید الاضحٰی پر ریلیز ہو رہی ہے جس 6 گانے شامل ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ مجھے بچپن سے رقص کا بے حد شوق ہے، میں آئینے کے سامنے کھڑی ہو کر رقص کرتی تھی، میں مادھوری ڈکشٹ کی دِیوانی ہوں اُن جیسا رقص کوئی نہیں کر سکتا۔
اُنہوں نے اپنے ساتھی اداکاروں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہ مجھے فہد مصطفیٰ کی اداکاری بے حد پسند ہے، ہمایوں سعید کے ساتھ بھی دو فلموں میں کام کیا، گوہر رشید سے 10 سال پُرانی دوستی ہے اور ان کے ساتھ بھی کئی پروجیکٹس کیے لیکن گوہر ممتاز کے ساتھ فلم میں پہلی بار نظر آؤں گی۔