• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انقرہ: سفیر پاکستان کی جانب سے عید ملن تقریب کا اہتمام، پاکستانیوں و ممتاز ترک شخصیات کی شرکت

ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹریوسف جنید نے عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر اپنی رہائش گاہ پر عید ملن استقبالیہ کا اہتمام کیا۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے 150 سے زائد افراد، طلباء، سفارت خانے کے افسران اور عملے نے شرکت کی۔

مہمانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے عید کی خوشیوں کو بانٹنے اور ہم آہنگی، ہمدردی، اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرنے سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ دو قلب یک جان کی مانند ہیں۔ ترکیہ میں پاکستانی کمیونٹی برادرانہ ترکیہ کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے جو ہم سب کے لیے خوش آئند ہے۔

سفیر پاکستان ڈاکٹر یوسف جنید نے پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ پاکستان اور ترکیہ کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔

مہمانوں نے عید ملن تقریب کا اہتمام کرنے اور ایک دوسرے سے ملنے کا اور یکجا ہونے کا موقع فراہم کرنے پر سفیر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

مہمانوں کو روایتی پاکستانی کھانے پیش کیے گئے اور تقریب کا اختتام پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا اور پاکستان ترک بھائی چارے اور دوستی کے فروغ کےلیے انتھک محنت کرنے کے عہد کے ساتھ ہوا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید