حیدرآباد (بیورو رپورٹ) گراں فروشوں کی من مانی‘ چاند رات کو ٹماٹر کی قیمتوں میں 300 فیصد اضافہ کردیا‘ پیاز‘ ادرک‘ لہسن اور کھانے پینے کی دیگر اشیاءکے منہ مانگے نرخ وصول کیے جارہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دیگر اضلاع کی طرح حیدرآباد میں بھی گراں فروشوں کی ضلع انتظامیہ اور دیگر سرکاری اداروں کے احکامات کو ردی کی ٹوکری میں ڈالنے کو وطیرہ بنایا ہوا ہے جس کے پیش نظر پہلے ہی مہنگائی کی ماری ہوئی عوام پریشانی کا شکار ہے۔
حیدرآباد کی دکانوں اور ٹھیلوں پر گراں فروشوں کی جانب سے پرائس کنٹرول لسٹ پر کسی قسم کا عملدرآمد نہیں ہورہا ہے جبکہ بڑے بڑے مارٹس اور مارکیٹس بھی سرکاری فرمان کو پیروں تلے روندے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
چاند رات کو حیدرآباد کی مارکیٹس میں ٹماٹر کی قیمتوں میں گراں فروشوں کی جانب سے 300فیصد کا اضافہ کردیا گیا اور فی کلو ٹماٹر 400 روپے میں فروخت کرکے عوام کی جیب کو لوٹا گیا جبکہ چند روز قبل فی کلو ٹماٹر مارکیٹ میں 80 سے 90 روپے دستیاب تھا دوسری جانب گراں فروشوں کی جانب سے چند روز قبل 140 سے 150 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیے جانے والا پیاز چاند رات کو 260 سے 270 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیا گیا جبکہ ادرک‘ لہسن‘ دھنیہ اور دیگر سبزیوں کے بھی منہ مانگے دام وصول کیے گئے .
دوسری جانب آٹو بھان روڈ‘ سحرش نگر‘ صدر‘ پکوڑا چوک‘ لطیف آباد نمبر 11 اور دیگر علاقوں میں بھی بڑے بڑے مارٹس اور سبزی مارکیٹس میں بھی سبزیوں کے مصنوعی ریٹس مقرر کیے گئے ہیں اور پرائس کنٹرول لسٹ پر کسی قسم کا عملدرآمد نہیں ہورہا ہے۔