اسلام آباد (فاروق اقدس) مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ افغانستان کے موضوع پر قطر میں ہونے والی تیسری عالمی کانفرنس میں پاکستان بھی شرکت کرے گا۔ اقوام متحدہ کے زیراہتمام ہونے والے اس کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستان نے منتظمین کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس مرتبہ طالبان حکومت نے بھی کانفرنس میں شرکت پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہونے والی عالمی کانفرنس 30 جون سے یکم جولائی تک ہوگی، کانفرنس میں شرکت کرنے والے پاکستان کے وفد میں افغانستان کیلئے پاکستان کے نمائندہ خصوصی آصف درانی کابل میں پاکستان کے ہیڈ آف مشن ایمبیسڈر عبیدالرحمان نظامانی اور دیگر افسران شامل ہوں گے۔