• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عیدالاضحی پر جانور کی قربانی شعائر اللّٰہ ہے، حافظ اعجاز احمد

لوٹن (شہزاد علی) لوٹن سنٹرل مسجد کے خطیب علامہ حافظ اعجاز احمد نے عید الاضحی کے موقع پر نماز عید کے اجتماع میں فلسفہ قربانی پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قربانی کا آغاز انسان اوّل حضرت آدم علیہ السلام کے دونوں بیٹوں ہابیل اور قابیل کی قربانی سے ہو چکا تھا اور ہر یہ ملت میں مروج رہی مگر خاص شان اور پہچان سے اس کی ابتدا حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کے واقعہ سے ہوئی اور انہی کی یادگار کے طور پر حضور نبی اکرم ﷺ کی امت پر واجب قرار دی گئی ۔قرآن پاک نے اسے شعائر اللّٰہ قرار دیتے ہوئے اس کی تعظیم کو دل میں پائے جانے والے تقویٰ خداوند کا مظہر قرار دیا جو مومن صاحب استطاعت قربانی کا جانور تقرب الی اللّٰہ کی نیت سے ذبح کرتا ہے اسے ہر بال کے بدلے نیکی اور بروز قیامت یہ قربانی اس کے اور جہنم کے درمیان حجاب بن جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کے دنوں میں ابن آدم کا کوئی بھی عمل قربانی سے بڑھ کر اللّٰہ تعالی کو زیادہ پیارا نہیں ہے ایک مخصوص جانور تقرب کی نیت سے ذبح کرنا قربانی کی صورت ہے ۔جیسے قربانی کا گوشت غرباء و مساکین کو دیتے ہیں ایسے ہی ہمیں سال کے باقی دنوں ان کی مالی معاونت کرنے سے گریز نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے اس موقع پر کشمیر اور فلسطین کی آزادی اور امت مسلمہ کے مصائب کے خاتمے کے لیے دعائیں کیں، صدر اسلامک کلچرل سوسائٹی مرکزی جامع مسجد لوٹن حاجی چوہدری محمد شفاعت پوٹھی، نائب صدر حاجی پہلوان ملک پنوں خان، انتظامیہ کے چوہدری عارف، ابدال حبیب اور دیگر اراکین نمازیوں کا استقبال کرنے کے لیے موجود تھے۔ پروفیسر راجہ ظفر خان ،لطیف ملک ، چوہدری خلیل احمد ،حافظ عمر، چوہدری سرفراز تھوتھالوی، سمیت پاکستان پیپلزپارٹی، پاکستان مسلم لیگ ن، مسلم کانفرنس، کشمیر لبریشن لیگ سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے لوٹن سنٹرل مسجد میں نماز ادا کی،اجتماع میں نائب صدر انتظامیہ چوہدری نثار نے بھی خطاب کیا۔ عیدالاضحٰی کے موقع پر لوٹن سنٹرل مسجد کے دروازے کو فلسطین کے جھنڈوں سے سجایا گیا تھا۔

یورپ سے سے مزید