• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں جنوبی ایشیائی ملکوں کے لوگ متحد ہوجائیں، وصال

لندن (ودود مشتاق) برطانیہ میں جنوبی ایشیائی ممالک کے لوگوں کو آرٹ اور کلچر کے ذریعے ایک دوسرے کے قریب لانے اور انہیں مذہبب اور سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر متحد کرنےکےلئے اس سال ستمبر میں لندن میں ایک عالمی فیسٹیول کا انعقاد کیا جا رہا ہے اس مقصد کےلئے وائس آف سائوتھ ایشین آرٹ اینڈ کلچر لندن (وصال) کے نام سے تنظیم قائم کردی گئی ہے ان خیالات کا اظہار تنظیم کے رہنما اکرام قائم خوانی، یوسف ابراہم ، انجم رضا، سعید سومرو،طلعت گل، اچلہ شرما، ڈاکٹر سرکی، محمد عامر اور دیگر نے مغربی لندن میں اجلاس کے بعد روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اجلاس میں بھارت اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے دانشوروں اور صحافیوں نے شرکت کی جن کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا کے عوام کو سیاست کے نام پر نفرت کی بھینٹ چڑھایا گیا ہے حالانکہ ہماری روایات اور ثقافت ایک ہے پھر بھی ہم ایک دوسرے سے جدا ہیٍں۔ وصال کے رہنما یوسف ابراہم اور اکرام قائم خوانی نے کہا کہ ہم برطانیہ میں رہتے ہوئے جنوبی ایشیا میں امن کا دیپ جلاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت اور بنگلہ دیش کے عوام ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں لیکن انہیں سیاست کے ذرہعے ایک دوسرے سے دور رکھا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تنظیم برطانیہ میں جنوبی ایشیائی ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے کیلئے14 ستمبر کو لندن میں ایک عالمی ادبی فیسٹیول کا انعقاد کرنے جا رہی ہے جس میں بھارت ، بنگلہ دیش، پاکستان سری لنکا اور نیپال سمیت دیگر ممالک کے معروف شعرا، فنکار، صحافی، ادیب اور دانشور شرکت کرینگے۔ طلعت گل، ڈاکٹر عمر دراز اور دیگر کا کہنا تھا کہ ہم ادب ڈپلومیسی کو فروغ دیں گے تاکہ خطے میں قیامِ امن کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اور سیاسی رہنمائوں نے نفرت کے جو زخم لگائے ہیں انہیں آرٹ لٹریچر اور کلچر کا مرہم لگا کر ختم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ جو کام ہم اپنے اپنے ممالک میں رہتے ہوئے نہیں کر سکتے وہ یہاں رہتے ہوئے کریں گے اور کمیونٹی کو متحد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سیاسی بدعنوانیوں کی نظر لگ گئی ہے۔ اس موقع پر 14 ستمبر کے عالمی فیسٹیول کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
یورپ سے سے مزید