ناقص کارکردگی کے باوجود شاداب خان کی قومی ٹیم کیساتھ کھیلنے کی وجہ سامنے آ گئی۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کے پہلے راؤنڈ سے باہر ہونے میں کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی اس وقت موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔
پاکستان وائٹ بال ٹیم کے سابق نائب کپتان شاداب خان کا نام اس فہرست میں نمایاں نظر آتا ہے۔
25 سال کے شاداب خان جنہوں نے ورلڈ کپ کے 4 میچوں کے دوران کوئی وکٹ حاصل نہیں کی اور 3 اننگز میں 44 رنز بنائے۔
ان کی 11 رکنی ٹیم میں شمولیت کا دفاع کرتے ہوئے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کا خیال ہے کہ وہ ایک مکمل پیکیج ہیں، انہیں ورلڈ کپ میں اس لئے کھلایا گیا کہ بیٹر پرفارم نہیں کر رہے تھے۔
شاداب نے امریکہ کے خلاف پہلے میچ میں 40 رنز کی اننگز کھیلی، البتہ بولنگ میں ان کی ناقص کارکردگی پر کوچ نے افسوس کا اظہار کیا۔
فلوریڈا میں اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کے ہمراہ سینئر منیجر اور سلیکٹر وہاب ریاض نے بات کرتے ہوئے کہا کہ شاداب خان مشکل دور سے گزر رہے ہیں لیکن ان کے تجربے کی بنیاد پر ان پر اعتماد کیا گیا۔
وہاب ریاض نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بہترین بولر اسامہ میر کو ڈراپ کرنا مشکل فیصلہ تھا، البتہ انھیں آگاہ کیا گیا کہ آپ کی ٹیم میں جگہ نہیں بن رہی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ چئیرمین پی سی بی سے اسامہ میر کے رابطہ کرنے پر دکھ ہوا، البتہ انہوں نے اپنا حق استعمال کیا۔
این او سی روکنے کے سوال پر سینئر منیجر نے کہا کہ یہ ہمارا نہیں بورڈ کے انٹرنیشنل ڈپارٹمنٹ کا فیصلہ تھا، ہم نے تو این او سی کے لئے کہا، البتہ بتایا گیا کہ اسامہ میر پہلے ہی دو لیگ کھیل چکے ہیں۔
دل چسپ امر یہ ہے کہ شاداب خان نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز ، آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دورےکے ساتھ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے 4 میچوں کے ساتھ آخری 12 ٹی20 میں 110 رنز بنائے اور صرف 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر سکے ہیں۔