• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقوام متحدہ طالبان انتظامیہ سے TTP سے تعلق ختم کرنے کا مطالبہ کرے، پاکستان

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) پاکستان نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ افغانستان میں طالبان انتظامیہ سے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق ختم کرنے اور اسے غیر مسلح کرنے کا مطالبہ کرے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے افغانستان کی عبوری انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں پر عمل کرتے ہوئے افغانستان میں فعال داعش، القاعدہ، ٹی ٹی پی، ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ (ای ٹی آئی ایم) اور اسلامک موومنٹ آف ازبکستان (آئی ایم یو) کے خلاف موثر اور متواتر کارروائی کرے۔ اپنی تقریر میں منیر اکرم نے کہا کہ افغانستان میں فعال ان گروہوں میں چند کو جو کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے وہ افغانستان کے تمام پڑوسیوں اور عالمی برادری کے لئے سنگین خطرے کا باعث ہے۔ یہ دہشت گرد گروہ افغانستان کے لئے اور اس کی معاشی اور سماجی ترقی کے لئے بھی خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں۔ ان گروہوں میں ٹی ٹی پی ، پاکستان کے لئے براہ راست اور سنگین خطرے کا باعث ہے۔ اس کی ذیلی تنظیمیں سرحد پار پاکستان پر کئی حملوں کی ذمہ دار ہیں جن میں عام شہریوں اور فوجی اہلکاروں سمیت سیکڑوں جانیں جا چکی ہیں۔

ملک بھر سے سے مزید