کراچی (نیوز ڈیسک)سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ اسپورٹس نے بین الاقوامی اولمپک ڈے کے حوالے سے ایک سمینار کا انعقاد کیا ،جس کے مہمانِ خصوصی معروف اولمپیئن اصلاح الدین صدیقی تھے۔سمینار سے خطاب کرتے ہوئے معروف اولمپیئن اور قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اصلاح الدین نے کہا کہ میں نے مختلف حیثیت سے تقریباََ 9 اولمپکس میں شرکت کی ہے۔ ہاکی کی تنزلی اور گولڈ میڈل نہ لانے میں ہماری چند کوتاہیاں ہیں ،جنھیں دور کرنے کے بعد ہم اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرسکتے ہیں،ہمیں کبھی ہمت نہیں ہارنی چاہئے کیونکہ اللہ کسی کی محنت رائیگاں جانے نہیں دیتا۔انہوں نے سرسید یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کو اپنی ہاکی اکیڈمی میں مفت تربیت حاصل کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اکیڈمی میں بچوں کو مفت تربیت دی جاتی ہے۔