اسلام آباد (نمائندہ جنگ) چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیاسی جماعت کے اندراج اور انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق الیکشن ایکٹ کی دو شقوں کیخلاف درخواست کی سماعت کے دوران وفاق اور الیکشن کمیشن کے جواب جمع نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ وفاق اور الیکشن کمیشن اپنا قبلہ درست کریں ورنہ پچھتائیں گے ، الیکشن کمیشن کا ریکارڈ پچھلے چھ ماہ سے کچھ اچھا نہیں چل رہا،چار ماہ گزر چکے ابھی تک جواب جمع نہیں کرایا گیا ، وہ طریقہ بتا دیں جس طرح کہوں تو جواب جمع کروا دیا جائے گا۔ اس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے کہا کہ ایک ہفتے کا وقت دیدیں ، جواب جمع کروا دیں گے۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے اٹارنی جنرل اور الیکشن کمیشن کے ڈی جی لا کو عدالت طلب کرتے ہوئے سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کر دی۔ خاتون شہری نورین مسعود نے سیاسی جماعت کے اندراج اور انٹراپارٹی انتخابات کی شقوں کو چیلنج کر رکھا ہے۔