• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرینڈ الائنس بننا اس وقت کی ضرورت ہے، فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ چوہدری پرویز الہٰی، شاہ محمود قریشی اور اسد قیصر پارٹی بہتر انداز سے چلا سکتے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ گرینڈ اپوزیشن الائنس بننا اس وقت کی ضرورت ہے، بانی پی ٹی آئی کے پاس درست معلومات نہیں پہنچ رہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے بانی پی ٹی آئی تک بات پہنچانے کےلیے ایک دیوار لگائی ہے، ہمارا پورا مؤقف بانی چیئرمین تک جانا چاہیے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ نظر آرہا ہے یہ پورا جہاز ڈبو رہے ہیں۔ ان کے پاس کوئی سیاست کی سمجھ نہیں، بانی پی ٹی آئی سمجھتے ہیں لوگوں کے ساتھ کیا ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پی ٹی آئی میں ہوں یا نہ ہوں، بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، اگر پارٹی کو خدا حافظ کہتا تو آج ایم این اے نہ ہوتا؟

فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ ہم بھی فارم 47 سے ایم این اے بن سکتے تھے، یہ چاہتے ہیں کراے پر جو لیڈر شپ چل رہی ہے وہ چلتی رہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ہی فیصلے کرتے ہیں، ان کے پاس معلومات درست ہونی چاہیے، گرینڈ اپوزیشن الائنس بننا اس وقت ضروری ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی، شاہ محمود قریشی، اسد قیصر پارٹی کو بہتر چلا سکتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید