کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار گاڑی کیلئے نمبر 1کی پلیٹ 10؍ کروڑ روپے میں نیلام ہوئی جبکہ حکومت سندھ نے 40پریمیئم نمبر پلیٹس کی نیلامی سے67کروڑ 54 لاکھ روپے جمع کئے ۔وزیر ٹرانسپورٹ اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ رقم سے سیلاب زدگان کے گھر بنائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی نیلامی ہوئی ہے، محکمہ ایکسائز حکومتِ سندھ نے 40نمبر پلیٹس کی نیلامی سے67کروڑ 54لاکھ روپے جمع کر لیے۔ گاڑی کے پریمیئم نمبر 1کی نمبر پلیٹ 10کروڑ، نمبر 5کی 5کروڑ 30 لاکھ ، نمبر 7کی 4کروڑ 60لاکھ، نمبر 8کی 4کروڑ 10 لاکھ اور نمبر9کی4کروڑ روپے میں نیلام ہوئی۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم سیلاب زدگان کیلئے مکانات کی تعمیر کیلئے وقف کی جائے گی، فنڈز سے سیلاب زدگان کیلئے مجموعی طور پر2251مکانات تعمیر کیے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ سندھ سیلاب متاثرہ لوگوں کی امداد اور ان کی زندگیوں کی تعمیر نو کیلئے مسلسل کوشاں ہے، بہت جلد پریمیئم نمبر پلیٹس کی نیلامی کا دوسرا مرحلہ بھی شروع کیا جائیگا۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آئندہ نیلامی سے تعمیر نو کی جاری کوششوں میں مزید مدد کیلئے اضافی وسائل پیدا ہونے کی امید ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت کے جامع نقطہ نظر میں ناصرف نئے گھروں کی تعمیر بلکہ ضروری انفرااسٹرکچر کی بحالی، طبی امداد اور معاشی بحالی بھی شامل ہے۔