• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا میں ملاوٹ مافیا کےخلاف مشترکہ کارروائیاں

پشاور(جنگ نیوز) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی اور محکمہ لائیوسٹاک نے پشاور، ڈی آئی خان اور نوشہرہ میں مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے پشاور موٹر وے ٹول پلازہ اور بکھر پل ڈی آئی خان پر ناکہ بندیاں قائم کیں اور سینکڑوں لیٹرز غیر معیاری دودھ اور مشروبات پکڑ کر ضبط کر لیا گیا۔ فوڈ اتھارٹی ترجمان نے کہا کہ گزشتہ روز فوڈ سیفٹی ٹیموں نے لائیو سٹاک کے اہلکاروں نے پشاور موٹر وے ٹول پلازہ اور بکھر پل پر صبح سویرے ناکہ بندیاں کیں اور خوراکی اشیاء لے جانے والی گاڑیوں، خصوصاً دودھ بردار ٹینکرز کی چیکنگ کی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ موبائل ٹیسٹنگ لیب کے ذریعے دودھ، آئس کریم اور دیگر خوراکی اشیاء سے نمونے لے کر چیک کیے گئے۔ پشاور میں 650 لیٹر جبکہ ڈی آئی خان میں 400 لیٹر سے زائد دودھ غیر معیاری اور مضر صحت ثابت ہونے پر تلف کر دیا گیا۔مزید برآں، نوشہرہ کی ٹیم نے جی ٹی روڈ پر ناکہ بندی کے دوران ایک گاڑی سے 2000 لیٹر سے زائد جعلی اور غیر معیاری مختلف برانڈڈ کولڈرنکس برآمد کرکے ضبط کر لئے، حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر مالکان پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے اور فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مزید کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے۔
پشاور سے مزید