• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غلاف کعبہ یکم محرم الحرام کو تبدیل کیا جائے گا

--- فائل فوٹو
--- فائل فوٹو

غلاف کعبہ جسے کسوہ بھی کہتے ہیں نئی روایت کے مطابق ہجری سال کے آغاز یعنی یکم محرم الحرام کو تبدیل کیا جائے گا۔

غلافِ کعبہ کی تیاری میں سینکڑوں کلو گرام ریشم، چاندی اور سنہری دھاگوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔

رواں سال تیار ہونے والے غلاف کعبہ کی تیاری میں 670کلو ریشم، 120کلو سونا اور 100کلو چاندی استعمال کیا گیا ہے، جس پر 20 لاکھ ریال کی لاگت آئی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق کسوہ کو 159 تکنیکی ماہرین اور کاریگروں کی مدد سے تبدیل کیا جائے گا۔

مکہ مکرمہ میں کنگ عبدالعزیز کمپلیکس برائے مقدس کعبہ کسوہ میں 200 سے زیادہ کاریگر اور منتظم کام کرتے ہیں جہاں خصوصی غلاف تیار کیا جاتا ہے۔

مذکورہ کمپلیکس میں غلاف کعبہ کو رنگنے، اس کی مشین سے بنُائی، ہاتھ سے بنائی، پرنٹنگ، بیلٹ، سونے کا پانی چڑھانا، سلائی اور اسمبلنگ کے لیے الگ الگ شعبے ہیں۔

سلائی اور اسمبلنگ کے شعبے میں دنیا کی سب سے بڑی سلائی مشین موجود ہے جس کی لمبائی 16 میٹر ہے جو کمپیوٹر سسٹم کے ذریعے چلتی ہے۔

کسوہ کی تیاری کے لیے تقریباً 1,000 کلو گرام خام ریشم کی ضرورت ہوتی ہے جسے کمپلیکس میں سیاہ رنگ کیا جاتا ہے، 120 کلوگرام سونے کی تار اور 100 کلوگرام چاندی کی تار کی ضرورت ہوتی ہے۔

خیال رہے کہ نیا ہجری سال 7 یا 8 جولائی کو شروع ہونے والا ہے۔

یہاں یہ واضح رہے کہ پرانی روایت کے مطابق خانہ کعبہ کا غلاف ہر سال ذوالحجہ کے اسلامی مہینے میں حج کے موقع پر 9 ذوالحجہ کو تبدیل کیا جاتا رہا ہے۔

اس وقت غلاف کعبہ کی تبدیلی کی تقریب نماز عشا کے بعد تقریباً 5 گھنٹوں تک جاری رہتی تھی۔

تاہم 2022 میں اس روایت کو تبدیلی کرکے، نئے اسلامی سال کے آغاز پر یعنی یکم محرم الحرام کو کی، غلاف کعبہ تبدیل کرنے کی نئی روایت رکھی گئی ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید