اگست میں آسمان پر ایک نہیں بلکہ تین خوبصورت اور حیرت انگیز نظارے دیکھنے کو ملیں گے۔
آسمان پر نظر آنے والے ان قدرت کے حیرت انگیز نظاروں میں مکمل چاند کا خوبصورت نظارہ، مشتری اور زہرہ کا ایک شاندار امتزاج اور شہابیوں کی بارش کا دلکش نظارہ شامل ہے۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ان خوبصورت نظاروں کا آغاز 9 اگست کو ہوگا جب آسمان پر پورا چاند جگمگاتا ہوا نظر آئے گا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پورے چاند کا خوبصورت نظارہ کرنے کے کچھ دنوں بعد صبح کو جلدی اُٹھنے والے لوگ آسمان پر مشتری اور زہرہ کا ایک شاندار امتزاج دیکھ سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق 12 اگست کو یہ دونوں روشن سیارے صبح کے وقت آسمان میں غیر معمولی طور پر ایک دوسرے کے قریب نظر آئیں گے۔
نیشنل ایروناٹکس اینڈ اسپیس ایڈمنسٹریشن (ناسا) نے بتایا ہے کہ یہ امتزاج اتنا واضح نظر آئے گا کہ اس کو دیکھنے کے لیے دوربین کی بھی ضرورت نہیں ہو گی۔
اس کے بعد 11 سے 12 اگست کے رات کو’پرسیڈ میٹیور شاور‘ یعنی شہابیوں کی بارش سے آسمان جگمگائے گا اور اس خوبصورت نظارے کو دیکھنے کے لیے آسمان پر قدرت کے خوبصورت اور حیرت انگیز نظارے دیکھنے کے شوقین افراد انتہائی بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔