• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوستی کا ہاتھ ہر ایک طرف بڑھائینگے، اصلاح پسند پزشکیان ایرانی صدر منتخب

تہران (اے ایف پی)ایران میں صدارتی انتخابات میں اصلاح پسند پزشکیان صدر منتخب ہوگئے، ان کا کہنا ہے کہ دوستی کا ہاتھ ہر ایک کی طرف بڑھائیں گے ، ووٹ ایرانی عوام کے ساتھ شراکت داری کا آغاز، مشکل راستہ آپ کے بھروسے سے ہی آسان ہوگا۔ ایران کی وزارت داخلہ نے گزشتہ روز بتایا کہ اصلاح پسند امیدوار مسعود پز شکیان نےقدامت پسند سعید جلیلی کے خلاف صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرلی،مسعودپز شکیان مغرب کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے حامی ہیں۔جیتنے کے بعد اپنے پہلے بیان میں مسعود پیزشکیان نے کہا کہ ووٹ ایرانی عوام کے ساتھ شراکت داری کا آغاز ہے۔مسعود پیزشکیان نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ہمارے آگے مشکل راستہ ہے، جو صرف آپ کے ساتھ دینے، آپ کی ہمدردی اور بھروسے کی وجہ سے ہی آسان ہو گا، میں سب کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھاتا ہوں۔مسعودپزشکیان نے سرکاری ٹیلی ویژن کو جاری ایک بیان میں کہا کہ ہم سب اس ملک کے عوام ہیں اور ہمیں اس کی ترقی کے لیے سب کی مدد لینا چاہیے۔الیکٹورل اتھارٹی کے ترجمان محسن اسلامی نے کہا کہ مسعود پیزشکیان نے تقریباً 3 کروڑووٹوں میں سے تقریباً 54 فیصد ایک کروڑ 63لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کیے،اور سعیدجلیلی نے ایک کروڑ30 لاکھ سے زیادہ تقریباً 44 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ محسن اسلامی نے مزید کہا کہ ووٹر ٹرن آؤٹ پہلے راؤنڈ کے دوران تقریباً 40 فیصد کی ریکارڈ کم ترین سطح سے اوپر 49.8 فیصد تھا۔یہ انتخابات غزہ کی جنگ کی وجہ سے بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی ، ایران کے جوہری پروگرام پر مغرب کے ساتھ تنازع اور ایران کی پابندیوں سے متاثرہ معیشت کی حالت پر ملکی عدم اطمینان کے پس منظر میں ہوئے۔ شکست خوردہ سعید جلیلی نے اپنے حامیوں سےمسعود پیزشکیان کی حمایت کرنے کا مطالبہ کیا۔سعیدجلیلی نے گزشتہ روزایکس پر پوسٹ کیے گئے اپنے بیان میں کہاکہ جس شخص کو عوام کے ذریعے منتخب کیا جاتا ہے، اس کا احترام کیا جاتا ہے، اس کا احترام برقرار رکھا جانا چاہیے، اور اب ہمیں اسے مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھنے میں مدد کرنے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں کرنی چاہئیں۔69سالہ مسعودپیزشکیان ہارٹ سرجن ہیں ، جنہیں تقریباََ دو دہائیاں قبل سابق صدر محمد خاتمی کے دور میں وزیر صحت کے طور حکومت کرنے کا تجربہ ہے۔انہوں نے ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان 2015 کے جوہری معاہدے کو بحال کرنے کے لیے مغربی ممالک کے ساتھ تعمیری تعلقات پر زور دیا ہے تاکہ ایران کو تنہائی سے نکالا جا سکے۔

دنیا بھر سے سے مزید