اسلام آباد (محمد صالح ظافر) پانچ غیر ملکی اہم سربراہان مملکت و حکومت رواں سال کی دوسری ششماہی میں پاکستان کا دورہ کرینگے ان میں سے پہلے آذربائیجان کے صدر ایہام جمدرالہیوف پرسوں (جمعرات) کو دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں جس کی دعوت انہیں وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ سال باکو میں دی تھی اور اس کا اعادہ قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں گزشتہ ہفتے کیاگیا تھا۔
حد درجہ قابل اعتماد سفارتی ذرائع نے ’’جنگ/دی نیوز‘‘ کو بتایا ہے کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان جنہیں ترکی کے سفیر کے مطابق جولائی میں پاکستان کے دورے پر آنا تھا اب توقع ظاہر کی گئی ہے کہ وہ آئندہ ماہ اسلام آباد آئیں گے۔
سفارتی ذرائع نے انکشاف کیاہے کہ سعودی عرب کےولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، متحدہ عرب امارات کےصدر شیخ محمد بن زاید النہیان اور قطر کے امیر تمیم حماد تمانی بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ نئے پروگرام پر معاہدہ کے لئے دستخط ہونے کے بعد پاکستان کے دورے کے لئے حتمی تاریخوں کا تعین کرینگے .
اس ضمن میں تفصیلات سفارتی ذرائع سے طے کی جائیں گی ان تینوں ممالک کے علاوہ کویت نے بھی پاکستان کے عظیم منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لئے آمادگی ظاہر کررکھی ہےجس کے لئے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی حد تک تفصیلات کاخاکہ بھی تیار ہوچکا ہے۔
پاکستان کے ان روایتی دوست اور خیر خواہ ممالک نے حکومت کویقین دلایا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ طے پاتے ہی پاکستان میں سرمایہ کاری کے عمل کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا۔ یہ ممالک عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ معاہدےکو سرمایہ کاری کے حو الے سے ساکھ کی ضمانت تصور کرتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ماہ رواں کے اختتام تک اسٹاف کی سطح کا معاہدہ طے پاجائے گا جس کے بعد منصوبہ بندی کے وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال، اکنامک امور کے وفاقی وزیر احد خان چیمہ اور سرمایہ کاری بورڈ کے وزیر عبدالعلیم خان کی سربراہی میں ٹاسک فورس بیرونی سرمایہ کے معاملات میں تیزی لانے کے لئے سرمایہ کاری کی خصوصی کونسل (ایس آئی ایف سی) کی رہنمائی میں اپنا کام شروع کردے گی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ چین کی طرف سے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کےدوسرے مرحلے پر کام میں بھی تیزی آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کےبعد آئے گی اس ضمن میں پیش رفت کے لئے تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں.
معلوم ہواہے کہ وفاقی حکومت کی سطح پر بیرونی سرمایہ کاری اور سرمایہ کار ممالک کے ساتھ رابطوں کی ذمہ داری نائب وزیراعظم وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کو تفویض کردی گئی ہے وہ اس سلسلے میں متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز سے تمام تر تفصیلات اخذ کرچکے ہیں اور وزارت خارجہ میں نائب وزیراعظم کے دفتر میں اس حو الے سے کام جاری ہے۔