کراچی( اسٹاف رپورٹر ) کاروباری اور صنعتی برادری نے کہا ہے کہ پاکستان کا پاور سیکٹر تباہی کی طرف بڑھ رہا ہے اور واحد امید مسابقتی تجارتی دو طرفہ کنٹریکٹ مارکیٹ ( سی ٹی بی سی ایم ) ریجیم کی طرف بڑھنا ہے،تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سرکردہ چیمبرز اور صنعتی ایسوسی ایشنز نے مسابقتی تجارتی دو طرفہ کنٹریکٹ مارکیٹ (CTBCM) نظام کے فوری نفاذ پر زور دیتے ہوئے بجلی کے بلک صارفین کو براہ راست جنریٹرز سے بجلی خریدنے کی ہمایت کی ہے ۔ان خیالات کا اظہار ماہرین نے منگل کو مقامی ہوٹل میں ہونے والی کانفرنس میں کیا جس کا انعقاد رینیوایبل فرسٹ (RF) اور پاکستان انوائرنمنٹ ٹرسٹ (PET) نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔کانفرنس میں معروف چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کی جانب سے گفتگو کی گئی جن میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے سی ای او زبیر موتی والا، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر تنویر احمد بیری ، کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر جوہر علی قندھاری اور وائس چیئرمین ایف پی سی سی آئی اور چئیرمین اپٹما آصف انعام شامل تھے۔