• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا حکومت آئی ایم ایف قرض کیلئے ایم او یو پر دستخط کا فیصلہ نہ کرسکی

پشاور( ارشدعزیز ملک )خیبرپختونخوا حکومت نے تاحال آئی ایم ایف سے قرض معاہدے کے لیے ایم او یو پر دستخط کرنے کا فیصلہ نہیں کیا۔ 175 ارب روپے کے سر پلس بجٹ کے معاہدے پر دستخط کا حتمی فیصلہ صوبائی کابینہ کرے گی۔ آئی ایم ایف نے قرضے کو چاروں صوبوں کے سرپلس بجٹ کے معاہدے پر دستخط کرنے سے مشروط کر رکھا ہے۔ صوبائی سرپلس کی رقم صوبے وفاقی حکومت کی طرف سےفنڈز ملنے کے باوجود خرچ نہیں کرتے ہیں۔پی ٹی آئی کے حکومتی عہدیداروں نے تصدیق کی کہ حکومت نے ابھی تک ایم او یو پر دستخط کرنے کا فیصلہ نہیں کیا۔ تاہم کابینہ آئندہ اجلاس میں آئی ایم ایف کے قرض کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کا فیصلہ کرے گی۔ وفاقی حکومت نے صوبے سے رواں مالی سال میں 175ارب روپے کا ریونیو سرپلس جمع کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔مصدقہ ذرائع نے تصدیق کی کہ آئی ایم ایف قرضہ کے معاہدے کے لیے ایم او یو پر دستخط کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ صوبائی کابینہ ہی کرے گی۔ صوبائی کابینہ اس شرط پر غورکرے گی اوراس کا جائزہ لے گی۔ پی ٹی آئی حکومت مالی صورتحال کابھی جائزہ لیکر حتمی فیصلہ کرے گی۔ توقع تھی کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو رواں ماہ میں حتمی شکل دے دی جائے گی لیکن ابھی بات چیت جاری ہے۔ آئی ایم ایف کا مطالبہ ہے کہ ’’ڈو مور‘‘۔۔وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ کے پی حکومت نے گزشتہ سال کا 100 ارب روپے سرپلس کا ہدف حاصل کر لیا تھا اور یقین ہے کہ رواں سال کے لیے 175 ارب روپے کا نیا ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔

اہم خبریں سے مزید