• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سے برطانیہ منگوائی گئی کار میں سے گن بنانے کے 72 آلات برآمد، ایک شخص گرفتار

لندن (سعید نیازی) پاکستان سے برطانیہ منگوائی کار میں سے72گنز کے آلات برآمد ہونے کے بعد پولیس نے سپارک ہل برمنگھم کے یاسر خان کو گرفتار کرلیا۔ یہ آلات کار میں خفیہ طور پر فیول ٹینک اور بونٹ کے نیچے چھپائے گئے تھے۔آلات میں ہینڈ گن کیلئے ٹاپ سلائیڈز اور اور بیرل شامل تھے۔ بارڈر فورس کے افسران نے لندن گیٹ وے پورٹ پر7جولائی کو کار میں سے یہ آلات برآمد کئے جس کے بعد برمنگھم کے یاسر خان کو نیشنل کرائم ایجنسی کے مسلح افسران نے سٹی جیولری کوارٹر سے حراست میں لیا۔ 39سالہ یاسر خان پر ہفتہ کو پوچھ گچھ کے بعد الزام عائد کیا گیا اور انہیں آج پیر کو برمنگھم کی مجسٹریٹس کورٹ میں پیش کیا جائے گا، ایف سی اے کے سینئر انوسٹی گیٹر آفیسر پال آرچرڈ نے کہا ہے کہ اس آپریشن سے ملک گن بنانے کیلئے استعمال ہونے والے آلات کی بڑی مقدار کے برطانیہ پہنچنے سے محفوظ رہا ہے۔ یہ آلات خطرناک گن اور دیگر مہلک ہتھیاروں کی تیاری کیلئے استعمال ہوسکتے تھے اور پھر مجرموں کے ہاتھ لگ سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ عوام کی حفاظت کیلئے برطانیہ کی شاہراہوں کو خطرناک اسلحہ اور محفوظ رکھنے کیلئے کام کرتے رہیں گے۔

یورپ سے سے مزید