• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی پر پابندی لگانے سے کچھ حاصل نہیں ہو گا: شیری رحمٰن

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمٰن---فائل فوٹو
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمٰن---فائل فوٹو

 پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ میں سمجھتی ہوں پی ٹی آئی پر پابندی لگانے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

ایک بیان میں شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ ہمیں کوئی عندیہ نہیں دیا گیا کہ اس طرح پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا کوئی کام ہو رہا ہے۔

پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ آپ نے بجٹ میں بھی دیکھا ہم اپنی رائے کے مطابق کچھ کر نہیں سکے، ہم نے ان سے کہا تھا اس طرح نہیں کیجیئے، اتحاد اس طرح نہیں چلتے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کا جو بھی فیصلہ ہو گا اس کے ساتھ کھڑے ہیں، کسی چیز کو آپ روک نہیں سکتے، ملک میں قانون کی حکمرانی ہونی چاہیے۔

شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ  جو حالات ہیں اس پر عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں،  اجتماعی دانش سے مستفید ہونا چاہیے، لوگوں سے پوچھنا چاہیے۔

پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ ہر جماعت کو سوچنا چاہیے مسائل کیا ہیں، ملک کو مشکلات سے نکالنے کا حل دینا چاہیے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے معاملے پر کافی دیر سے غور جاری تھا، پی ٹی آئی پر پابندی کا معاملہ اگلے کابینہ اجلاس میں آ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ فیصلہ حکومتی اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید