• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائمہ کمیٹی کا متفقہ طور پر اگلے اجلاس میں رانا ثناءاللّٰہ کو طلب کرنے کا فیصلہ

اسکرین گریب
اسکرین گریب

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے متفقہ طور پر اگلے اجلاس میں رانا ثناء اللّٰہ کو طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی ثناء اللّٰہ مستی خیل کی زیر صدارت ہوا جس میں کمیٹی ممبران نے وزیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللّٰہ کی عدم موجودگی پر اظہار برہمی کیا۔

اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رانا ثناءاللّٰہ کے ساتھ میرا بہت پیار والا تعلق ہے، میں ان کی بھائیوں کی طرح عزت کرتا ہوں۔ رانا ثناءاللّٰہ کمیٹی میں نہیں آتے، اگلی بار وہ نہ آئے تو کمیٹی اجلاس نہیں ہوگا۔

ثناءاللّٰہ مستی خیل کا کہنا تھا کہ اگست کا مہینہ مقدس ہے، عوام متحد ہیں، سب نے مل کر پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے۔ ملک سب سے پہلے ہے سیاست بعد میں ہوتی رہے گی۔

 بین الصوبائی رابطہ میں کپتان قومی ہاکی ٹیم عماد بٹ کا خیرمقدم

قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ میں قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ کا خیرمقدم کیا گیا۔ کمیٹی ممبران نے کہا کہ پاکستان کا نام بلند کرنے پر کمیٹی آپ کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ 

سیکریٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن رانا مجاہد نے ہاکی فیڈریشن کے آئین سے متعلق کمیٹی ممبران کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 10 سال قومی ہاکی ٹیم کی خدمت کی، ورلڈ چیمپئن ٹیم کا حصہ رہا، ایک طویل کیریئر کے بعد میں ہاکی فیڈریشن میں بطور سیکریٹری جنرل تعینات ہوا ہوں۔

رانا مجاہد نے کہا کہ ہاکی فیڈریشن کو ایک کروڑ 30 لاکھ روپے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے دیا گیا، ہم فیلڈ مارشل کی زیر نگرانی پاکستان ہاکی لیگ کا انعقاد کرنے جا رہے ہیں، پاکستان سپر لیگ طرز کی پاکستان ہاکی لیگ ہونے جا رہی ہیں، ایسی لیگ 20 سال میں کبھی نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ پرو لیگ بہت بڑا ایونٹ ہے، جس میں دنیا کی 10 بہترین ٹیمیں حصہ لیتی ہیں، پرو لیگ میں شرکت کے لیے 35 کروڑ روپے درکار ہیں۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر نے کہا کہ ہمارے پاس کوئی اثاثے نہیں ہیں جس سے ہاکی فیڈریشن منافع کما سکے، دو سال قبل تک پاکستان اسپورٹس بورڈ 35 لاکھ ماہانہ دیا کرتا تھا، اب نہیں دے رہا۔

انہوں نے کہا کہ 3 کروڑ سابق نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے گرانٹ دی، 2024 میں وزیراعظم شہباز شریف نے 5 کروڑ گرانٹ دی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہلا رضا نے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم 17ویں اور 18ویں نمبر کی ٹیموں سے جیت کر 15ویں نمبر پر آئی ہے، ٹاپ ٹین والی پرو ہاکی لیگ شرکت کرنے جا رہی ہے، ثابت کر سکتی ہوں سیکریٹری جنرل ہاکی فیڈریشن رانا مجاہد کی تعیناتی بھی غیرآئینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے 2 قومی کھلاڑی بیرونِ ملک جا کر غائب ہو گئے ہیں۔

قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ نے ہاکی فیڈریشن کے معاملات پر ذیلی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ آفتاب احمد ہاکی فیڈریشن کے معاملات پر ذیلی کمیٹی کے کنوینئر ہوں گے جبکہ خواجہ اظہار، شہلا رضا، یوسف خان، وسیم قادر، مہرین رزاق ذیلی ممبران کمیٹی ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ذیلی کمیٹی ہاکی فیڈریشن کی باڈی کی قانونی حیثیت اور مالی معاملات کا جائزہ لے گی، ذیلی کمیٹی ایک ہفتے میں ہاکی فیڈریشن کے معاملات پر قائمہ کمیٹی کو رپورٹ پیش کرے گی۔

قومی خبریں سے مزید