• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ کی 700,000 فیملیز نے آج تک بچوں کو اسکولوں کی تعطیلات پر سیر نہیں کرائی

لندن (پی اے) ایکشن فار چلڈرن نامی تنطیم کیلئے کئے گئے ایک سروے کی رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ برطانیہ کی700,000فیملیز کا کہناہےکہ انھوں نے آج تک بچوں کو اسکولوں کی تعطیلات پر سیر نہیں کرائی جبکہ 52فیصد والدین کو خدشہ ہے کہ اس سال وہ اپنے بچوں کو اسکولوں کی تعطیلات پر تفریح نہیں کراسکیں گے اور 51فیصد والدین کا کہناہے کہ اسکولوںکی تعطیلات پر بچوں کو تفریح کرانے کی ان کا بجٹ اجازت نہیں دیتا۔سروے رپورٹ کے مطابق 36فیصد والدین کو خدشہ ہے کہ رقم نہ ہونے کی وجہ سے اسکولوں کی تعطیلات کے دوران ان کے بچوں کو صحیح غذائیت نہیں مل سکے گی اور وہ جسمانی طورپر کمزور ہوجائیں گےافراط زر میں کمی اور اقتصادی ترقی کی علامات کے باوجود 32فیصد والدین سمجھتے ہیں اس موسم گرما کے دوران ان کے مالی حالات گزشتہ سال سے خراب رہیں گے۔55فیصد والدین سمجھتے ہیں کہ کام کی وجہ سے وہ فیملی کے ساتھ زیادہ وقت نہیں گزار سکیں گے۔ سروے کے دوران 27فیصد والدین کا کہناتھا کہ وہ بچوں کی دیکھ بھال کیلئے یا تو بلا تنخواہ چھٹیاں لیں گے یا پھر بیماری کی چھٹیاں جبکہ 7 فیصد والدین کا کہناتھا کہ اس موسم سرما کے دوران وہ اپنے بچوں کی دیکھ بھال کیلئے ملازمت چھوڑ دیں گے۔ اس سال آمدنی کی صورت حال بہت زیادہ خراب ہونے کا شکوہ کرنے والے 88فیصد والدین کا کہناتھا کہ وہ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران اپنے بچوں کیلئے کچھ نہ کرسکنے پر خود کو قصور وار تصور کرتے ہیں ،32 فیصد والدین موسم گرما کے دوران اپنے بچوں کو 3وقت کا کھانا فراہم کرنے کے حوالے سے تشویش کا شکار تھےجبکہ 26 فیصد والدین کا کہنا تھا کہ اسکول کی بندش کے دوران انھیں اپنے بچوں کو خوراک کی فراہمی کیلئے فوڈ بینک کا سہارا لینا پڑے گا ۔ ایکشن فار چلڈرن نامی تنطیم کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ ہرسال ہمارے ورکرز یہ دیکھتے ہیں کہ اسکولوں کی تعطیلات کے دوران اسکولوں میں ملنے والا بند ہو جانے کی وجہ سے والدین پر ان کے کھانے کا اضافی بوجھ آجاتا ہے جبکہ تفریحی سرگرمیوں کے اخراجات میں اضافے کی وجہ سے والدین کیلئے بچوں کو کسی طرح کی تفریح کرانا ممکن نہیں ہوتا ،انھوں نے کہا کہ ہمیں یہ سوچنا چاہئے کہ اس مشکل وقت میں پبلک سروسز اورخصوصی سیفٹی نیٹ کیلئے کیسا انتظام کریں کہ زیادہ سے زیادہ بچے موسم گرما کی تعطیلات ہنسی خوشی گزار سکیں اور زیادہ والدین کو اس کام کیلئے ملازمت سے چھٹی مل سکے۔ یہ سروے 2-9جولائی کے دوران 18 سال تک عمر کے بچوں کے 2,021والدین سے کیا گیا۔
یورپ سے سے مزید