اسلام آباد (ساجد چوہدری، اپنے نامہ نگار سے) وفاقی حکومت نے اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی چیئرپرسن راعنا سعید خان کو عہدے سے ہٹا دیا جبکہ مستقل چیئرمین کی تعیناتی تک آئندہ تین ماہ کیلئے ایڈیشنل سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی کو اضافی چارج سونپ دیا گیا۔ گزشتہ روز وزارت موسمیاتی تبدیلی کے سیکشن افسر شمس الحق کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق وفاقی حکومت نے یہ اقدام اسلام آباد وائلڈ لائف آرڈیننس 1979 کی سیکشن 4 کے تحت کیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ میں وزارت موسمیاتی تبدیلی کی نمائندگی کرتے ہیں۔ موجودہ چیئرمین راعنا سعید خان کو فوری طور پر عہدہ چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔