اسلام آباد ( نیو زر پورٹر) بچوں کی دینی و اخلاقی تربیت میں اساتذہ کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے اور نئی نسل کو محبت، حکمت اور مثبت سرگرمیوں کے ذریعے دین سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یہ بات ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد قدسیہ ناموس نے ینگ مسلم پروگرام کے تحت اساتذہ کی تربیت کے لیے منعقدہ ٹیچرز ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کو معلم بنا کر بھیجا گیا اور استاد کا منصب درحقیقت انبیاء کرامؑ کے مشن کا تسلسل ہے۔ انہوں نے اساتذہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ رضاکارانہ طور پر بچوں کی تعلیم و تربیت میں حصہ لینا ایک بڑی سماجی اور دینی ذمہ داری ہے۔اس موقع پر ناظمہ زون 1 ماریہ اکرام نے بھی خطاب کرتے ہوئے شعبہ اطفال کے تحت چلنے والے تعلیمی و تربیتی پروگرامز کے اغراض و مقاصد بیان کیے اور اساتذہ کے کردار کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔ ینگ مسلم پروگرام کے تحت اساتذہ کی تربیت کے لیے ایک مؤثر ٹیچرز ٹریننگ ورکشاپ مسجد الفرقان، سیکٹر I/8 اسلام آباد میں منعقد کی گئی۔ورکشاپ میں ینگ مسلم کی کلاسز اور تربیتی سرگرمیوں کا تعارف پیش کیا گیا۔ ورکشاپ کے دوران “نوخیز ذہن اور روشن مستقبل” کے عنوان سے مذاکرہ بھی منعقد ہوا، جس کا مقصد اساتذہ کو بچوں کی ذہنی، اخلاقی اور دینی تربیت کے جدید تقاضوں سے آگاہ کرنا اور عملی رہنمائی فراہم کرنا تھا۔ پروگرام کے اختتام پر ینگ مسلم کے تحت چلنے والی کلاسز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، جس میں زون 5 نے اول انعام حاصل کیا، جبکہ دیگر زونز کو حوصلہ افزائی کے انعامات دیے گئے۔