• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائیڈروپونک ٹیکنالوجی کے ذریعے بلا تعطل سال بھر ٹماٹر کی پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے، وزیرِ زراعت

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت صوبہ بھر میں ٹماٹر کے پیداواری دورانیے میں اضافہ اور غیر موسمی سبزیوں کی پیداوار کو فروغ دینے کے لیے اجلاس ہوا۔وزیرِ زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ ہائیڈروپونک ٹیکنالوجی کے ذریعے بلا تعطل سال بھر ٹماٹر کی پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے، جس سے نہ صرف کسانوں کی آمدن میں اضافہ ہوگا بلکہ صارفین کو بھی مناسب قیمت پر سبزیاں دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے ہائیڈروپونک ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے ماہرین سے جامع اور قابلِ عمل تجاویز طلب کیں۔وزیرِ زراعت پنجاب نے غیر موسمی ٹماٹر کی کاشت میں اضافہ کے لیے موزوں علاقوں کی نشاندہی کا ٹاسک متعلقہ فارمیشنز کو سونپتے ہوئے ہدایت کی کہ اس ضمن میں فوری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہائیڈروپونک ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے تربیتی ورکشاپس کرائی جائیں تاکہ کاشتکار جدید زرعی طریقوں سے استفادہ کر سکیں۔ شہری علاقوں میں گھروں کی چھتوں پر ہائیڈروپونک ٹیکنالوجی کے نفاذ کے لیے ماہرین سے تجاویز طلب کی جا رہی ہیں، جبکہ گھریلو سطح پر سمال ہائیڈروپونک سسٹم لگانے کے لیے تکنیکی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔ سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے ماہرین کو ہدایت کی کہ وہ چھوٹے پیمانے پر ہائیڈروپونک اسٹرکچر نصب کرنے کے لیے قابلِ عمل اور کم لاگت تجاویز پیش کریں۔ انہوں نے یونیورسٹی کے ماہرین سے ہائیڈروپونک ٹیکنالوجی کے سستے ماڈلز کی تیاری اور فراہمی کے حوالے سے بھی سفارشات طلب کیں۔
اسلام آباد سے مزید