اوسلو(نمائندہ جنگ) پاک، ناروے فورم کا وفدصدر پاک ناروے فورم مہر محمد عباس آف مہمند چک کی قیادت میں ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہے اور پاکستان میں پاکستانی پارلیمنٹیرینز سمیت سیاسی، سماجی، مذہبی رہنماؤں اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں جاری رکھے ہوئے ہے ۔ چوہدری اسماعیل سرور بھٹیاں، مہر محمد عباس ،چوہدری اکرام شہزاد (اٹلی) راجہ سجاد علی، عرفان راجہ اور دیگر پر مشتمل پاک ناروے فورم کےوفدنے پاکستان میں سویٹ ہوم کا دورہ کیا جہاں سی او سویٹ ہوم پاکستان زمرد خان نے وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر چوہدری اسماعیل سرور نے کہا کہ زمرد خان نے یتیم اور بے سہارا بچوں کیلئے مثالی ادارہ قائم کرکے تاریخ رقم کی ہے، انہوں نے کہا کہ زمرد خان جس محنت اور لگن سے ادارے کو چلا رہے ہیں اس پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں اور کہا کہ میں اور میری تنظیم بے سہارا اور یتیم بچوں کی مدد کیلئے ہمیشہ زمرد خان اور ایسے لوگوں کے ساتھ کھڑی رہے گی جو اللہ اور اس کی بنائی ہوئی مخلوق کی خدمت کرتے ہیں ۔