• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں آج بارش کا امکان مزید بڑھ گیا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی میں آج بھی بارش کا امکان مزید بڑھ گیا۔

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق بارش کا سبب بننے والا ہوا کا کم دباؤ بحیرہ عرب میں موجود ہے، ہوا کا کم دباؤ نزدیک آنے کے باعث کل کے مقابلے میں آج بارش کے امکانات بہتر ہیں۔

موسمیاتی تجزیہ کار کا بتانا ہے کہ آج شہر کے بڑے حصے میں ہلکی سے معتدل شدت کی بارش کا امکان ہے، شہر کے چند مقامات پر مختصر دورانیے کی تیز بارش بھی ہوسکتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ شہر میں بدھ تک وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ 5 یا 6 اگست کے بعد مون سون کا ایک اور سسٹم شہر میں بارش کا سبب بن سکتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی تھی۔

دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ جولائی میں درجہ حرارت معمول سے زائد رہا ہے، 16 سے 23 جولائی کے دوران درجہ حرارت 5 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زائد رہا، جولائی میں دو ہی مون سون اسپیل کراچی پر اثر انداز ہوئے۔

سردار سرفراز نے کہا ہے کہ 2 اسپیلز میں سرجانی ٹاؤن میں 100 ملی میٹر کے قریب بارش ہوئی، جبکہ پورے شہر میں یکساں بارش نہ ہوسکی، کراچی میں دوپہر تک اچھی بارش کا امکان ہے اور رات گئے تک یہ سسٹم سندھ سے نکل جائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ 4 اگست سے مشرقی سندھ سے شدت کی مون سون ہوائیں داخل ہونگی، 4 سے 6 اگست کے دوران سندھ کے بیشتر مقامات پر تیز اور موسلادھار بارش کا امکان ہے، اس دوران کراچی میں بھی اچھی بارش کا امکان ہے۔

قومی خبریں سے مزید