وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ملک کےلیے سیکیورٹی رسک ہیں۔ اب نئی فلم آئی ہے کہ پلیز مجھ سے بات کرو۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آج اڈیالہ جیل سے کچھ بیانات جاری کیے گئے، جس پر میں بات کرنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ’نیوٹرل تو جانور ہوتا ہے‘ کا بیان آپ کو یاد ہوگا۔ اب منتوں ترلوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ جب آپ کا دل کرتا ہے آپ سائفر لہرا دیتے ہیں۔ اب نئی فلم آئی ہے کہ پلیز مجھ سے بات کرو۔ پہلے ’چھوڑوں گا نہیں‘، اب ’مجھ سے بات کرلو‘۔ اب ادارہ نیوٹرل ہوا تو آپ کہہ رہے ہیں مجھ سے بات کرلو۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پوری دنیا نے سنا جب آپ نے کہا سائفر کے ساتھ کھیلنا ہے، ادارے نے کہا وہ نیوٹرل ہوگئے، اب آپ ادارے سے حمایت مانگ رہے ہیں۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ آپ کا بھانجا اور پارٹی رہنما کور کمانڈر ہاؤس کے باہر کھڑے تھے۔ سیاست میں حملے آپ کا وتیرہ رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی اس ملک کےلیے سیکیورٹی رسک ہیں۔ آپ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نہیں تو پاکستان نہیں۔ جیل سے اب نئی کہانی گھڑی گئی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ان کو پتہ ہے ان کا سوشل میڈیا سیل پکڑا گیا ہے جن کے تانے بانے باہر سے ملتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کو آپ آباد کریں، سوشل میڈیا سیل چلائیں اور اب کہتے ہیں کہ مجھ سے بات کرو۔
عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ اب اپنے سیاسی مفادات کےلیے ادارے کو سیاست میں ملوث کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ رہ جاتے تو ملک ڈیفالٹ کرجاتا، شہباز شریف نے ملک بچایا، اب معیشت کے حوالے سے اچھی خبریں آنا شروع ہوگئی ہیں۔ یہ دیکھ کر کہ ملک کے معاشی حالات بہتر ہوئے ہیں اب آپ منتیں کر رہے ہیں کہ مجھ سے بات کرو۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پولی گرافک ٹیسٹ سے ثابت ہوجائے گا کہ آپ نے 9 مئی کے حملے کروائے۔