ویانا (اکرم باجوہ) آسٹریا میں سفارتخانہ پاکستان میں نئے تعینات سفیر محمد کامران اختر ملک نے اقوام متحدہ ویانا میں پاکستان کے مستقل نمائندہ کی حیثیت سے اپنی اسناد ڈائریکٹر جنرل UNODC کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر غدا فتح ولی کو پیش کردیں۔ اقوام متحدہ کے دفتر ویانا میں منعقدہ ایک تقریب میں سفیر پاکستان نے پاکستان اور یو این او ڈی سی کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ سفیر کامران اختر اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر غدافتح ولی نے پاکستان اور یو این او ڈی سی کے درمیان باہمی فائدہ مند دیرینہ شراکت داری پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا۔ سفیر کامران اختر نے پاکستان اور یو این او ڈی سی کے درمیان منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ، بین الاقوامی منظم جرائم، سرحدی انتظام، فوجداری انصاف کے نظام اور قانونی اصلاحات کے شعبوں میں جاری تعاون کو سراہا۔ کامران اختر نے منشیات کی اسمگلنگ، منظم جرائم اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنےکیلئےحکومت پاکستان کی جانب سے کئے گئے مختلف اقدامات پر بھی روشنی ڈالی اور ان لعنتوں کو روکنے کیلئے UNODC اور بین الاقوامی شراکت داروں کی جانب سے مسلسل تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے سفیر پاکستان کا خیرمقدم کیا اور خطے میں منشیات اور منظم جرائم کے خلاف جنگ میں پاکستان کے اہم کردار اور یو این او ڈی سی کے انسداد منشیات اقدامات کے نفاذ میں پاکستان کی قابل ذکر شراکت کا اعتراف کیا۔ انہوں نے UNODC اور پاکستان کے درمیان مضبوط شراکت داری پر روشنی ڈالی اور مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے اس تعاون کو مزید گہرا کرنے پر اعتماد کا اظہار کیا۔ اقوام متحدہ کا دفتر برائے منشیات اور جرائم (UNODC) منشیات اور بین الاقوامی منظم جرائم کے خلاف عالمی جنگ سے متعلق معاملات پر اقوام متحدہ کا مرکزی ادارہ ہے جو 1997میں قائم کیا گیا تھا۔ کام کرنا معیاری معاونت اور تکنیکی مشورہ فراہم کرنا اور صلاحیت سازی کے اقدامات کرنا ہے۔ اور اقوام متحدہ ویانا اسلام آباد سمیت دنیا کے مختلف خطوں میں اپنی فیلڈ موجودگی کو برقرار رکھتا ہے۔