• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیوسٹن میں ایشین امریکن پیسیفک آئی لینڈرز کا تین روزہ کنونشن

مئیر ہیوسٹن کے قائم کردہ بورڈ کے زیر اہتمام پہلی بار ہیوسٹن میں منعقد ہونے والا ایشین امریکن پیسیفک آئی لینڈرز کا تین روزہ کنونشن  اختتام کو پہنچ گیا۔

کنونشن میں مئیر ہیوسٹن وٹ مائیر کے مشاورتی بورڈ برائے آپی (AAPI) کی طرف سے ممتاز پاکستانی نژاد امریکی بزنسمین جاوید انور کو ان کی گراں قدر خدمات پر ’AAPI Legacy Award‘ سے نوازا گیا۔

وائٹ ہاؤس اور صدارتی مشاورتی کمیشن کے مشترکہ اقدام کے تحت قائم ہونے والے پلیٹ فارم آپی کنونشن کی میزبانی میئر ہیوسٹن کے مشاورتی بورڈ برائے آپی نے کی جبکہ کنونشن میں میئر ہیوسٹن جان وٹ مائیر، کانگرس مین ایل گرین اور مشہور پاکستانی امریکن بزنس ٹائیکون جاوید انور اور ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے صدر سعید شیخ سمیت ایشیائی ممالک کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

ہیوسٹن کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہونے والے تین روزہ تاریخی کنونشن کے پہلے روز نیٹ ورکنگ ایونٹ کا منعقد کیا گیا، جس میں ایشیائی کمیونٹی نے بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر مئیر آفس کرس اولسن نے میئر ہیوسٹن جان وٹ مائیر کی جانب سے آپی کمیونٹی کو ہیوسٹن میں خوش آمدید کہا اور پہلی بار اس کنونشن کے ہیوسٹن میں انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔

نیٹ ورکنگ ایونٹ میں قونصل جنرل آف پاکستان آفتاب چودھری سمیت دیگر ایشیائی کمیونٹی کے ممتاز رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ کنونشن میں آپی ایڈوائزری بورڈ کنونشن کمیٹی چیئر سعید شیخ نے پاکستانی وفد کی نمائندگی کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ساؤتھ ویسٹ مینجمنٹ ڈسٹرکٹ کے ڈائریکٹر ایڈورڈ نے آپی کنونشن کو ایشیائی کمیونٹی کو یکجا کرنے کےلیے ایک بہترین پلیٹ فارم قرار دیا۔

نیٹ ورکنگ ایونٹ میں مختلف ایشیائی ممالک کے فنکاروں نے اپنا اپنا ثقافتی رقص پیش کرکے تقریب کا لطف دوبالا کر دیا۔ 

آپی کنونشن کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی کانگریس مین ایل گرین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی ترقی میں ایشیائی کمیونٹی نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے اور یہ کنونشن، ایشیائی کمیونٹی کو یکجا کرنے میں اہم پیشرفت ثابت ہوگا۔

کنونشن کی افتتاحی تقریب میں ایشیائی ممالک کی ثقافت کو اجاگر کرنے کی خاطر مختلف مصنوعات کے اسٹالز بھی لگائے گئے، جس میں پاکستانی ملبوسات کے ساتھ ساتھ پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے پاکستانی آرٹسٹس کے فن پارے بھی نمائش کا حصہ بنے۔ اس کے علاوہ دیگر ایشیائی ممالک کی ثقافتی مصنوعات بھی توجہ کا مرکز رہیں۔

کنونشن کے آخری روز یونٹی گالا کی رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں میئر آف ہیوسٹن جان وٹ مائیر نے خصوصی طور پر شرکت کی اور آپی کنونشن کے پہلی بار ہیوسٹن میں انعقاد کو ایک تاریخی لمحہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں ہر شعبے میں ایشین امریکنز اپنی کامیابی کا لوہا منوا رہے ہیں اور اس کنونشن کا کامیاب انعقاد ایشیائی کمیونٹی کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

یونٹی گالا میں شریک مشہور امریکن پاکستانی بزنس مین اور پاکستانی کمیونٹی کے قابل فخر نام جاوید انور کو ان کی گراں قدر خدمات پر میئر ہیوسٹن کی جانب سے خصوصی طور پر لیگیسی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اس موقع پر جاوید انور کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ ایوارڈ ان کے لیے فخر کی بات ہے اور آپی کنونشن ان تمام ایشین امریکنز کےلیے اہمیت کا حامل ہے جو امریکہ کے ترقی میں پیش پیش رہے ہیں۔

اس کے علاوہ مختلف ایشین کمیونیٹیز سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد کو بھی نمایاں کارکردگی کی بنیاد پر ایوارڈ سے نوازا گیا

آپی ایڈوائزری بورڈ کنونشن کمیٹی چیئر، سعید شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیکڑوں کی تعداد میں ایشین امریکنز کا اس ایونٹ میں شامل ہونا اپنے آپ میں ایک بڑی کامیابی ہے جو دنیا کو دکھاتا ہے کہ ایشین کمیونٹی امریکہ کی ترقی کے لیے کس قدر ناگزیر ہے۔

آپی ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین نومی حسین نے آپی کنونشن کے کامیاب انعقاد کو ایشیائی ممالک کے اتحاد کی کامیابی قرار دیا۔

ٹیکساس اسمبلی کے رکن سلیمان لالانی نے بھی آپی کنونشن کو ایشیائی ممالک کے اتحاد کی طاقت کی علامت قرار دیا۔

ہیوسٹن میں پہلی بار منعقد ہونے والا ایشین امریکن پیسیفک آئی لینڈرز کا تاریخی کنونشن یونٹی گالہ کے رنگا رنگ تقریب کے ساتھ تمام ایشیائی کمیونٹی کے ذہنوں میں یادگار لمحات چھوڑے اختتام پذیر ہوا۔

خاص رپورٹ سے مزید